بھٹکل:15/ستمبر (ایس اؤنیوز)جمعرات کو بلدیہ دکانوں کی نیلامی کو لے کر افسران کی کارروائی کے دوران اچانک خود سوزی کی کوشش، پھر احتجاج اورپتھراؤ کے بعد بھٹکل شہری پولس تھانے میں 3الگ الگ کیس داخل کئے گئے ہیں۔
ضلع کے ایس پی ونائک پاٹل نے بتایا کہ پولس نے خودسوزی کی کوشش کرنے پر رام چندر ناگپا نائک کے خلاف پہلا کیس داخل کیا ہے تو بلدیہ دفتر پر ہوئے پتھراؤ اور میونسپالٹی عمارت کو نقصان پہنچائے جانے کو لے کر بلدیہ انجنئیر اُمیش مڈیوال کی شکایت پر دوسرا کیس درج کیاہے۔
میونسپالٹی عمارت کو نقصان پہنچانے کے تعلق سے کسی بھی ملزم کا نام تحریر نہیں کیا گیا ہے۔
اسی طرح رام چندرنائک کی خودسوزی کی کوشش کئے جانے پر میونسپالٹی کی دکان کے کرایہ دار اور رام چندر نائک کے بھائی وینکٹیش نائک نے پولس میں ضلعی منصوبہ جات افسر آر پی نایک، بھٹکل بلدیہ چیف آفیسر ،بل کلکٹر دلیپ اور ٹیکس وصول کرنے والے گریش گنگارکے خلاف معاملہ درج کیا ہے کہ ان لوگوں کی ہراسانی کی وجہ سے اُس نے اپنے آپ پر مٹی کا تیل چھڑک کر آگ لگانے کی کوشش کی تھی۔
پولس نے ان تینوں معاملوں کو درج کرتے ہوئے چھان بین شروع کردی ہے۔
سکیورٹی کے سخت انتظامات : جمعرات کی صبح سے دوپہر تک بلدیہ دکانوں کی تحویل کی کارروائی کو لے کر جو کشیدگی پیدا ہوگئی تھی، اُس وقت بھی شہر میں پولس کا سخت بندوبست کیا گیا تھا، یہ الگ بات ہے کہ مسلسل چار گھنٹوں تک جاری پتھرائو کے بائوجود پولس نے لاٹھی چارج نہیں کیا اور صبر وتحمل سے کام لیا، مگر اب حالات واپس معمول پر لوٹنے کے بعد پولس کی مزید زائد تکڑیاں بھٹکل میں تعینات کی گئی ہیں اور پیشگی اقدامات نہایت سخت کئے گئے ہیں۔ ضلع کے ایس پی ونایک پاٹل بھی بھٹکل میں ہی موجود رہتے ہوئے حالات پر کڑی نگاہ رکھی ہے۔
وزیر داخلہ کو جانکاری روانہ :بھٹکل میں امن وامان کی صورت حال کو لے کر کچھ خدشات کے پیش نظر حالیہ واقعات کی مکمل جانکاری ریاستی وزیر داخلہ کو ارسال کی گئی ہے۔ خبرملی ہے کہ مغربی زون کے آئی جی پی ہیمنت نمبالکر نے جمعرات کو ہوئے معاملات کی پوری تفصیلات حاصل کی ہیں اور شرپسند عناصروں کی طرف سے حالات کا فائدہ اٹھا کر امن میں خلل ڈالنے کی کوشش کئے جانے کے خدشہ کے پیش نظر حالات پر سخت نگرانی رکھنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔